کندھ کوٹ-کشمور ضلعہ میں ڈاکوؤں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ انہیں روکنے والا کوئی نہیں ہے، کیونکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چھ شہریوں کو اغوا کیا گیا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی شہید ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کشمور کے قریب ڈاکوؤں نے گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ٹرک کا ٹائر پھٹ گیا اور ڈرائیور سمیت دو افراد کو کچا کے علاقے میں لے گئے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔
سال 2023 کی پہلی سہ ماہی میں کچے کے علاقوں میں 189 مقابلے ہوئے، جن میں گھوٹکی میں 63، سکھر میں 53، کشمور میں 42 اور شکارپور میں 31 مقابلے ہوئے۔
ان مقابلوں کے دوران گھوٹکی میں پانچ، سکھر میں آٹھ اور کشمور میں چھ ڈاکو مارے گئے، اسی طرح گھوٹکی میں 4، سکھر میں 27، کشمور میں 3 اور شکارپور میں 5 ڈاکو زخمی ہوئے۔
سہ ماہی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی مربوط کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 208 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا، جن میں گھوٹکی سے 45، سکھر سے 51، کشمور سے 9 اور شکارپور سے 103 ڈاکو شامل ہیں۔