آئی ایم ایف نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اربوں ڈالر کے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے عملے کی سطح کے معاہدے پر اتفاق کرنے سے پہلے ‘ڈو مور’ کرے۔
پاکستان کو دسمبر 2023 تک 8 ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی کے انتظامات کے حوالے سے آئی ایم ایف کو مطمئن کرنا ہے۔
مئی اور جون 2023 کے دوران پاکستان کو 3.7 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے ادا کرنے ہیں۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے اضافی 2.4 ارب ڈالر کی یقین دہانی مانگی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مزید 2.4 ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے چین سے قرضوں کی واپسی کو یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے اس سے قبل چین سے 3 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی یقین دہانی کرائی تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے 2 ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی فنڈنگ کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
آئی ایم ایف نے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی وصولی کے ہدف سے کم ہونے پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ 9 ماہ میں 362 ارب 48 کروڑ روپے کی پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی وصول کی گئی۔
رواں مالی سال میں پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کا مجموعی ہدف 855 ارب روپے ہے۔