پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد ٹیلی کام ریگولیٹر نے 9 مئی کو ملک بھر میں موبائل براڈ بینڈ سروسز بند کردی تھیں۔
پی ٹی آئی کے مشتعل حامیوں نے لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں فوجی اور سرکاری عمارتوں پر تشدد کیا۔
حکام کی جانب سے یہ اقدام افراتفری کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے اٹھایا گیا تھا، جبکہ اس کے بعد سے فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب سمیت بڑی سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی بھی بند ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس تاحکم ثانی معطل رہے گی۔
تاہم اس میں مزید کہا گیا ہے کہ براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس صارفین کے لیے دستیاب ہے۔