ماسکو: روس کی ایک عدالت نے یوکرین میں روس کی فوجی مہم کے بارے میں ایل جی بی ٹی پروپیگنڈا اور غلط معلومات پھیلانے والی یوٹیوب ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے میں ناکامی پر گوگل کو 30 لاکھ روبل جرمانہ عائد کردیا۔
گزشتہ ایک سال کے دوران ماسکو نے مغربی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف درجنوں جرمانے عائد کیے ہیں، تاکہ روسی انٹرنیٹ صارفین کو آن لائن دیکھنے پر قابو پایا جا سکے۔
یوکرین میں فوج بھیجنے کے فورا بعد سخت سینسرشپ قوانین منظور کرنے کے ساتھ ساتھ روس نے گزشتہ سال ایل جی بی ٹی پروپیگنڈے کو فروغ دینے کے خلاف اپنے قوانین کو بھی مضبوط کیا تھا۔
نئے قانون کے تحت، جو روس کی ایل جی بی ٹی پروپیگنڈا کی تشریح کو وسیع کرتا ہے اور انسانی حقوق کے آزاد گروپوں کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، کسی بھی کارروائی یا ایسی معلومات کو پھیلانے پر بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جسے عوامی، آن لائن، یا فلموں، کتابوں یا اشتہارات میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کی کوشش سمجھا جاتا ہے۔
روسی پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ گوگل نے یوٹیوب پر پوسٹ کی جانے والی متعدد ویڈیوز کو ہٹانے سے انکار کر دیا ہے، جن میں ایک بلاگر کی ویڈیو بھی شامل ہے، جسے ماسکو غیر ملکی ایجنٹ سمجھتا ہے۔