اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر توشہ خانہ ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی گئی۔
کیس کی سماعت پولیس لائن ہیڈ کوارٹرایچ 11 کے گیسٹ ہاؤس میں ہوئی، جہاں عمران خان کو پیش کیا گیا۔
سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کمشنر آفس نے پولیس لائنز کو عدالت کا درجہ دے دیا ہے، ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے ذاتی حیثیت میں انہیں طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کی، تاہم انہوں نے جرم سے انکار کرنے والی دستاویزات پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے توشہ خانہ کیس کی، قبولیت اور دائرہ اختیار سے متعلق درخواستیں مسترد کردی تھیں۔
گزشتہ سال حکمران اتحاد کے اراکین اسمبلی نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ سے تحائف کی تفصیلات مبینہ طور پر چھپانے کے حوالے سے عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر عدالت سے رجوع کیا تھا اور عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی استدعا کی تھی۔
ریفرنس میں عمران خان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے بطور وزیر اعظم اپنے دور میں توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف سے متعلق معلومات جان بوجھ کر چھپائی تھیں۔