لاہور: ایشیا کپ 2023 میں بڑی پیش رفت کیلئے آئندہ 48 گھنٹوں کو اہم قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی دبئی میں ہیں، جہاں وہ ایشین کرکٹ کونسل کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ابھی حتمی اجلاس کا اعلان نہیں کیا ہے، نجم سیٹھی کونسل کے عہدیداروں سے غیر رسمی ملاقات کریں گے، جس میں کونسل کے رکن ممالک کے نمائندے شریک نہیں ہوں گے۔
ایشیا کپ ستمبر میں پاکستان میں ہونا ہے، پی سی بی اس سے متعلق تمام افواہوں کو بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے سے جوڑ رہا ہے۔
بھارت کے انکار کی وجہ سے پی سی بی نے ایشیا کپ کا ہائبرڈ ماڈل پیش کیا ہے، جس کے تحت بھارت کے ساتھ میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے اور بقیہ میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر کھیلنے کو تیار نہیں اور ہائبرڈ ماڈل کو اے سی سی نے مسترد کردیا ہے، دوسری جانب ایشیا کپ کے حوالے سے پی سی بی نے بیک ڈور ڈپلومیسی شروع کردی ہے۔
پی سی بی افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہے، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے اب تک ایشیا کپ ہائبرڈ ماڈل کو مسترد نہیں کیا ہے۔
پی سی بی موجودہ ایف ٹی پی میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ بقیہ میچز کا بھی سفارت کاری کے ذریعے فائدہ اٹھائے گا۔
دوسری جانب گزشتہ افغانستان سیریز کی وجہ سے پی سی بی افغانستان کرکٹ بورڈ کی حمایت کے لیے پرامید ہے۔
تاہم آج (منگل کو) نجم سیٹھی کی ایشین کرکٹ کونسل کے اراکین سے ملاقات کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔