انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی برتری مختصر ثابت ہوئی اور تاریخ میں پہلی مرتبہ نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کے صرف 48 گھنٹے بعد ہی اس نے پہلی پوزیشن کھو دی۔
گرین شرٹس کو اتوار 7 مئی کو کراچی میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کلین سویپ مکمل کرنے میں ناکامی کے بعد پہلی پوزیشن سے ہٹا دیا گیا تھا۔
پاکستان نے چوتھے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی، اس فتح نے بھارت اور آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں ٹاپ پوزیشن دلائی۔
تاہم، تخت پر ان کی گرفت قلیل مدتی رہی، کیونکہ نیوزی لینڈ کی تسلی بخش فتح نے سیریز میں مکمل وائٹ واش کی ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور انہیں چوٹی سے نیچے دھکیل دیا۔
اس وقت آسٹریلیا 113 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ بھارت 113 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان اب 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 5 میچوں کی سیریز میں 4-1 سے فتح حاصل کرنے کے باوجود تسلیم کیا کہ وہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک شاندار سیریز تھی لیکن ہم نے اسے اس طرح ختم نہیں کیا، جس طرح ہم چاہتے تھے، ہم ٹاپ پر بلے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے اور آغا اور افتخار نے اچھی پارٹنرشپ قائم کی، لیکن ہم نے ان کے لیے بہت زیادہ رنز چھوڑے۔
اتوار کو سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49.3 اوورز میں 299 رنز کا ہدف دیا۔
اوپننگ بلے باز ول ینگ نے 87 گیندوں پر 91 رنز کی تیز ترین اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، پورے بیٹنگ یونٹ نے ٹیم کے مجموعی اسکور میں اہم کردار ادا کیا، حالانکہ ٹام بلنڈل (15) اور ہنری نکولس جلد آؤٹ ہوگئے، کپتان ٹام لیتھم نے 58 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔