اسلام آباد: سپریم کورٹ کا 8 رکنی لارجر بنچ چیف جسٹس آف پاکستان کے ازخود نوٹس اور بینچز کی تشکیل سے متعلق سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 کے خلاف درخواستوں کی سماعت کر رہا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل 8 رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔
ایڈووکیٹ محمد شافع منیر، راجہ عامر خان، چوہدری غلام حسین اور دیگر نے آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت اسی طرح کی درخواستیں دائر کی ہیں۔
آئین کا آرٹیکل 184 (3) سپریم کورٹ کے اصل دائرہ اختیار کا تعین کرتا ہے، اور اسے پاکستان کے شہریوں کے کسی بھی بنیادی حقوق کے نفاذ کے حوالے سے عوامی اہمیت کے سوال سے متعلق معاملات میں دائرہ اختیار اختیار کرنے کا اختیار دیتا ہے۔
سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 کے عنوان سے اس بل کا مقصد انفرادی حیثیت میں چیف جسٹس کے دفتر کے ازخود نوٹس اختیارات کو کم کرنا ہے۔
ابتدائی طور پر اسے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے منظور کیا تھا اور منظوری کے لئے صدر کے پاس بھیجا گیا تھا، تاہم، صدر نے اسے یہ کہتے ہوئے واپس بھیج دیا تھا کہ مجوزہ قانون “پارلیمنٹ کی اہلیت سے باہر” ہے، اس بل کو بعد میں اگرچہ کچھ ترامیم کے ساتھ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کیا گیا تھا-
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 19 اپریل کو ایک بار پھر بل کی منظوری دینے سے انکار کر دیا اور اسے واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیا جس کے بعد یہ تکنیکی طور پر 21 اپریل کو پارلیمنٹ کا ایکٹ بن گیا۔