آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مکمل حمایت کا بھی یقین دلایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کے دفتر میں چینی اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ چن گینگ سے ملاقات میں علاقائی، سیکیورٹی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل منیر نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر چین کی جانب سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا۔
وزیر خارجہ نے برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لئے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا، خاص طور پر پاکستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کو تحفظ کی فراہمی کے لئے پاک فوج کے تعاون کو سراہا۔
دونوں معزز شخصیات نے خطے میں سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، جنرل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں چین کے کردار کا اعتراف کیا اور دونوں فریقین نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لئے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں اپنے موجودہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں قائم دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ عامر خان متقی سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول علاقائی سلامتی، سرحدی انتظام اور موجودہ سیکیورٹی ماحول میں بہتری کے لئے دوطرفہ سیکیورٹی میکانزم کو باضابطہ بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مشترکہ چیلنجوں سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور میں افغان عبوری حکومت کی جانب سے مکمل حمایت اور عزم کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ نے افغانستان کے عوام کے لئے پاکستان کی روایتی حمایت کو سراہا اور افغانستان میں امن اور ترقی میں سہولت کاری میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔
انہوں نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ تشویش کے امور کو حل کرنے کے لئے باقاعدگی سے رابطے برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
آرمی چیف نے مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔