کراچی:نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں چوتھی فتح کے ساتھ پاکستان کی ٹاپ ون ڈے ٹیم بننے کے بعد اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈ کپ 2023 اور ایشیا کپ 2023 وطن لانے کے کیلئے پراعتماد ہیں۔
فاسٹ بولر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان دونوں میگا ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور فائنل میں پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے میچ ہمارے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں، ہم اس بار ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کا فائنل جیتیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شروع میں کم نیٹ رن ریٹ میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہوتا ہے لیکن اگر ٹیم شروع سے ہی بہترین کرکٹ کھیلے تو کوئی مشکل پیدا نہیں ہوتی۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بھارت کے حالات پاکستان سے زیادہ مختلف نہیں ہوں گے، ایک ٹیم کی حیثیت سے ہم ورلڈ کپ کے دوران بھارت کی کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے اور پاکستان کو فائنل میں فتح دلائیں گے۔
اپنی انفرادی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم کو اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتے ہیں، انہوں نے باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے وہ پہلا، دوسرا یا آخری اوور ہو، میرا کام حریف پر حملہ کرنا ہے۔
طویل عرصے تک انجری کے بعد بحالی کے طویل مرحلے سے گزرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ اب ‘کافی فٹ’ محسوس کر رہے ہیں۔
شاہین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انجری کے دوران گزارا گیا وقت کس طرح مشکل تھا، یہ ان کے لئے سیکھنے کا تجربہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے چوٹ کے دوران بہت کچھ سیکھا، مجھے امید ہے کہ میں پاکستان کے لیے اپنی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔