ارجیت سنگھ نے مغربی بنگال میں اپنے خرچ پر ایک اسپتال بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ارجیت کا مقصد مرشد آباد ضلع میں واقع جنگی پور شہر میں ایک اسپتال تعمیر کرنا ہے، انہیں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی بھی حمایت حاصل ہے۔
وزیر اعلی مغربی بنگال نے مرشد آباد کی ریاستی اور ضلعی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ گلوکار کو ان کے مقصد کو حاصل کرنے میں مدد کریں۔
جمعرات کو مرشد آباد اور مالدہ کی انتظامی میٹنگ کے دوران وزیر اعلی نے ارجیت کے ہاسپٹل کی تعمیر کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے سبھی افسروں کو ہدایت دی ہماری مٹی کا بیٹا ارجیت گاؤں کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہے، وہ ایک ہسپتال بنانا چاہتا ہے، میں نے ضلعی انتظامیہ کو دستاویزات دے دیئے ہیں، میں انتظامیہ سے کہوں گا کہ وہ انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے۔
وزیراعلیٰ نے جنگی پور سے ایم پی خلیل الرحمان کو بھی ہدایت کی کہ وہ اسپتال کی تعمیر میں ان کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا، اگر ارجیت جنگی پور میں اسپتال بناتے ہیں، تو ایم پی خلیل الرحمان کو سب سے زیادہ خوشی ہوگی، لہٰذا میں آپ سے ارجیت کی مدد کرنے کے لیے کہوں گی۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق، وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی کہا ریاستی حکومت نے جنگی پور میں ایک سپر اسپیشلٹی اسپتال تعمیر کیا ہے، اگر ارجیت اسپتال بناتے ہیں، تو اس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔
ارجیت سنگھ کا اسپتال کی تعمیر کا مقصد ایک اچھا اقدام ہے، جس کے لئے انہیں متعلقہ حکام سے تمام مدد ملے گی۔