پی ٹی آئی اور شہباز شریف کی زیر قیادت والی حکومت کے درمیان انتخابات کی تاریخ طے کرنے کے لیے مذاکرات کا دور ختم ہونے کے بعد سپریم کورٹ ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کی درخواست پر آج سماعت کر رہا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔
دریں اثنا حکمران اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اٹارنی جنرل کے ذریعے الیکشن کی تاریخ پر پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی حتمی رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر فریقین کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی، حکومتی اتحادیوں نے لچک کا مظاہرہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت اور حزب اختلاف کی اہم جماعت نے ملک میں قومی اور صوبائی انتخابات ایک ساتھ کرانے پر اتفاق رائے کے ساتھ مذاکرات کا ایک اہم دور ختم کر دیا ہے۔
سردار کاشف خان نامی شہری کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اہم سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات ایک ساتھ کروانا انصاف، مساوات اور آئینی تقاضوں کو پورا کرنے کے مفاد میں ہوگا۔