کراچی: پاکستان کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) نے ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) اور پیٹرول پر 12 روپے فی لیٹر مارجن مانگا ہے۔
30 اپریل کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تازہ ترین جائزے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل پر او ایم سیز کا مارجن 6 روپے 50 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول پر 6 روپے فی لیٹر تھا، او ایم سیز کے مارجن کے علاوہ ڈیلرز ان دونوں پیٹرولیم مصنوعات پر 7 روپے فی لیٹر مارجن وصول کر رہے ہیں۔
آئل انڈسٹری کی جانب سے ایچ ایس ڈی اور پیٹرول پر او ایم سیز کا مارجن بڑھانے کا مطالبہ سیکرٹری وزارت توانائی پیٹرولیم ڈویژن کو لکھے گئے خط میں کیا گیا۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے خط میں کہا، فزیبلٹی کو برقرار رکھنے اور او ایم سیز کی بقا کو یقینی بنانے کے لیے، ہم سفارش کرتے ہیں کہ ایچ ایس ڈی اور موگاس (پٹرول) کے لیے او ایم سیز کا مارجن 12 روپے فی لیٹر مقرر کیا جانا چاہیے، جو موجودہ ایکس ریفائنری قیمت کا 6 فیصد سے بھی کم ہے۔
او سی اے سی نے نشاندہی کی کہ تیل کی صنعت ملک بھر میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ڈیوٹیز، ٹیکسوں اور لیویز کی شکل میں نمایاں آمدنی پیدا کرکے ملک میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تاہم، کاروبار کرنے کی بڑھتی ہوئی لاگت کی وجہ سے تیل کی صنعت کو گزشتہ سال سے شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔
اس کی وجوہات بین الاقوامی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور شرح تبادلہ سے لے کر شرح سود میں اضافہ (جس کی وجہ سے انوینٹری ہولڈنگ لاگت تقریبا 3 روپے فی لیٹر ہے)، کریڈٹ لیٹر کنفرمیشن چارجز جس کی وجہ سے ڈیمرجز میں اضافہ ہوتا ہے، اور زیادہ ٹرن اوور ٹیکس (0.5 فیصد) وغیرہ شامل ہیں۔
آئل باڈی نے نشاندہی کی کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 31 اکتوبر 2022 کے فیصلے کی بنیاد پر رواں سال کے دوران ڈیزل اور پٹرول کا مارجن 6 روپے فی لیٹر کردیا گیا ہے، تاہم، یہ ناکافی ہے اور فوری طور پر اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے.
اس میں کہا گیا ہے کہ او ایم سی کاروبار کو ایندھن کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ بنیادی ڈھانچے میں مسلسل سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
او سی اے سی کے خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ فی الحال یہ ممکن نہیں ہے کیونکہ صنعت ناکافی مارجن، ایکسچینج نقصانات کی وصولی میں تاخیر، روپے کے مسلسل اتار چڑھاؤ، فنانسنگ کی بڑھتی ہوئی لاگت، لیٹر آف کریڈٹ کی تصدیق میں چیلنجز، زیادہ ٹرن اوور ٹیکس اور متعدد دیگر عوامل کی وجہ سے محدود ہے جن کے بارے میں متعلقہ حلقوں کو بار بار آگاہ کیا گیا ہے۔
ادارے نے آئل مارکیٹنگ سیکٹر کی مسلسل فزیبلٹی کو یقینی بنانے کے لئے مارجن میں اوپر کی طرف نظر ثانی کے فوری جائزے اور نفاذ کا مطالبہ کیا۔