نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے مارچ کی اضافی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) 3 روپے 70 پیسے فی یونٹ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اس سے کراچی میں قائم نجی یوٹیلٹی کو مئی کے آئندہ مہینے میں صارفین سے 5.14 ارب روپے کی اضافی رقم وصول کرنے میں مدد ملے گی۔
درخواست میں کے الیکٹرک نے ایف سی اے 4 روپے 49 پیسے فی یونٹ مہنگا کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم ریگولیٹر نے 3 روپے 70 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔
سماعت کے دوران بتایا گیا کہ کے الیکٹرک نے مارچ میں 26 روپے 44 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی، وفاق سے ملنے والی بجلی کی قیمت 9 روپے 50 پیسے فی یونٹ تھی۔
چیئرمین نیپرا نے نجی یوٹیلٹی کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں کے الیکٹرک کی بجلی میں زیادہ بہتری نہیں آئی کیونکہ درآمدی ایندھن پر بجلی کی پیداوار بہت مہنگی ہوگئی ہے۔