پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ شائقین انہیں آئندہ مہینوں میں ایکشن میں دیکھ سکیں گے کیونکہ مداحوں کے پسندیدہ آل راؤنڈر متعدد فرنچائز کرکٹ لیگز میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایک نجی چینل پر ایک شو کے دوران ایک مداح نے پوچھا کہ کھلاڑی دوبارہ کب ایکشن میں نظر آئے گا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے گزشتہ سال ٹی 10 لیگ میں کھیلنے کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن ذاتی مصروفیات کی وجہ سے میں وہاں نہیں جا سکا، اس سال اگر وہ مجھے پیشکش کرتے ہیں تو میں انشاء اللہ کھیلوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کینیڈا ٹی 20 لیگ، امریکہ کی ایک لیگ اور سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) میں کھیلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ مجھے انشاء اللہ ایکشن میں دیکھیں گے، سابق کپتان نے بتایا کہ وہ اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔
حال ہی میں آفریدی نے قطر میں لیجنڈز لیگ کرکٹ (ایل ایل سی) میں ایشین لائنز کی کپتانی کی، ان کی قیادت میں ایشین لائنز نے ٹورنامنٹ جیتا۔
اس دھماکہ خیز بلے باز نے آخری بار 2022 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں حصہ لیا تھا، وہ لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلے، اس سال کسی بھی ٹیم نے انہیں منتخب نہیں کیا۔
بعد ازاں انہوں نے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں حصہ لیا لیکن فٹنس مسائل کی وجہ سے تمام میچز نہیں کھیل سکے۔
آل راؤنڈر اس وقت سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کے پہلے ایڈیشن کے سفیر ہیں، جو رواں سال ہونے والا ہے، اس لیگ کا مقصد سندھ کے نوجوان ٹیلنٹ کو بااختیار بنانا ہے۔