وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری بارشوں کے پیش نظر وفاقی اور صوبائی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے بارشوں کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہریوں کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کیں اور این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اداروں کو صوبائی حکومتوں اور محکموں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے، جہاں بھی عوام کے تحفظ اور معاونت کے لیے کسی چیز کی ضرورت ہو وہ فراہم کی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں ضروری ہو لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، مختلف شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو خبردار کیا جائے۔
مزید برآں وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی نگرانی کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی ہائی وے اور بولان میں کوئٹہ سبی ہائی وے پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کے لئے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے بارشوں کے پیش نظر تمام بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام شدید موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔