سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات ملک و قوم کی خاطر ہو رہے ہیں لیکن ساڑھے تین سال تک ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو گارنٹی دینے والا کوئی نہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں کے اہم اجلاس میں پارٹی نے پنجاب کے سیاسی، معاشی، قانونی، پارٹی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو ملک میں ترقی کو ہضم نہیں کرسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات ملک و قوم کی خاطر ہو رہے ہیں جبکہ دوسری جانب مفاد پرستوں اور ملک و اس کے اداروں کو بدنام کرنے کی جنگ جاری ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال تک ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے لیے گارنٹی لینے والا کوئی نہیں، عوام ملک کے دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے۔
نواز شریف نے مطالبہ کیا کہ عوام کے مسائل کے حل اور مہنگائی میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے جلد اچھی خبر آئے گی، عوام کے مسائل کے حل کے لئے ریلیف پیکج متعارف کرایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں انتخابات کی تاریخ اور دیگر معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔
نواز شریف نے ہدایت کی کہ انتخابات سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک و قوم کے لئے اپنا کردار ادا کریں، مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے دن رات کام کیا۔
مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال میں ملک اور عوام کے دشمنوں نے تمام تر ترقی کو الٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام ایسے عناصر کو کبھی معاف نہیں کریں گے، کچھ لوگ ترقی کو ہضم نہیں کر پاتے اور عوام کو ان سے بچنا ہوگا۔