اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کیس 2 مئی کو سماعت کیلئے مقرر کردیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی بینچ منگل کو کیس کی سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل آف پاکستان، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کو نوٹس ز جاری کردیئے۔
اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سمیت 9 سیاسی جماعتوں کو نوٹس ز جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت میں جوڈیشل ریفارمز بل پر عمل درآمد روک دیا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 10 اپریل کو پی ٹی آئی سینیٹرز کے ہنگامہ آرائی کے بعد سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 منظور کیا گیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بل پیش کیا، مشترکہ اجلاس میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق غنی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی شق وار منظوری دی گئی۔
پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور پی ڈی ایم کی قیادت والی شہباز شریف حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے بل کی مخالفت کی، اجلاس 15 مئی تک شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔