روس نے یوکرین پر کئی ماہ کے دوران ہونے والا سب سے مہلک حملہ کیا ہے، عمان شہر کے ایک اپارٹمنٹ پر میزائل حملے میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے۔
یوکرین کی فضائیہ کے مطابق یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے کے قریب اس وقت ہوا جب بحیرہ کیسپین کے علاقے میں روسی طیاروں سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل داغے گئے، 23 میں سے 21 میزائلوں کو یوکرین کے فضائی دفاع نے ناکام بنا دیا۔
تاہم میزائلوں نے یوکرین کے وسطی شہروں عمان، چیرکاسی کے علاقے اور ڈنیپرو کو نشانہ بنایا۔
دارالحکومت کیف سے تقریبا 125 میل جنوب میں اور فرنٹ لائن سے تقریبا 200 میل دور ایک چھوٹے سے شہر عمان میں دو راکٹوں نے تین بلند عمارتوں کو نشانہ بنایا، جن میں رہائشی عمارتیں اور ایک گودام بھی شامل ہے۔
یوکرین کے داخلی امور کے وزیر ایہور کلیمینکو کا کہنا ہے کہ ایک عمارت کے اندر 46 اپارٹمنٹس تھے جن میں سے 27 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ملبے کو صاف کرنے میں ایک دن لگ سکتا ہے۔
یوکرین کی وزارت داخلہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کم از کم چار بچے بھی شامل ہیں۔
یوکرین کے صدر ولودیمر زیلنسکی نے اس سے قبل ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ہلاک ہونے والے دو بچوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔