فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو اپریل 2023 کے دوران 100 ارب روپے سے زائد کے بڑے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جمع کرائے گئے اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2023 ء کے دوران 586 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں بیورو نے عارضی طور پر تقریبا 486 ارب روپے جمع کیے جو 100 ارب روپے سے زائد کے شارٹ فال کو ظاہر کرتا ہے۔
ٹیکس مشینری 30 اپریل تک اگلے دو دنوں میں حتمی اعداد و شمار مرتب کرے گی، جس کے بعد محصولات کی وصولی میں بہتری آئے گی۔
ایف بی آر کو سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران وفاقی ٹیکسوں کی مد میں 2.58 ٹریلین روپے جمع کرنے ہیں تاکہ مطلوبہ سالانہ ٹیکس وصولی کا ہدف 7.64 ٹریلین روپے حاصل کیا جا سکے۔
بیورو نے فیڈرل بورڈ کے تمام بڑے ٹیکس دہندگان یونٹس، کارپوریٹ ریجنل ٹیکس دفاتر اور ریجنل ٹیکس دفاتر کو 30 اپریل کو اپنے دفاتر کھولنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منگل کی رات 8 بجے تک اپنے کام کے اوقات میں توسیع کریں تاکہ ٹیکس دہندگان کو ڈیوٹی کی ادائیگی اور انکم ٹیکس ریٹرن / گوشوارے جمع کرانے میں سہولت مل سکے۔
ایف بی آر نے چیف کمشنرز آئی آر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کی مجاز برانچوں کے ساتھ رابطہ قائم کریں تاکہ 30 اپریل کو ان برانچوں کے ذریعے ٹیکس وصولی کی منتقلی کو یقینی بنایا جاسکے۔