فاطمہ بھٹو کے بھائی ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ اپنے والد شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور بھٹو خاندان کی جانب سے مجھے یہ خبر شیئر کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے، میری بہن فاطمہ اور گراہم کی شادی ہمارے گھر 70 کلفٹن میں ایک نجی تقریب میں ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں فاطمہ کے پیاروں نے ہمارے دادا کی لائبریری میں شرکت کی، یہ ایک ایسی جگہ ہے جو میری پیاری بہن کے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا، ہمارے ہم وطنوں اور خواتین کے مشکل حالات کی وجہ سے، ہم سبھی نے محسوس کیا کہ پرتعیش طریقے سے جشن منانا نامناسب ہوگا، برائے مہربانی فاطمہ اور گراہم (جبران) کو اپنی دعاؤں میں رکھیں۔
فاطمہ بھٹو ایک پاکستانی مصنفہ اور کالم نگار ہیں، وہ سیاست دان مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی، ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی بہن، سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی بھتیجی اور سابق وزیر اعظم اور صدر پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی ہیں۔
ان کی پرورش شام اور کراچی میں ہوئی اور انہوں نے برنارڈ کالج سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی، اس کے بعد لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔