اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے انہیں تحقیقات کا حصہ بننے کا حکم دے دیا۔
سابق وزیراعظم کو ہر کارروائی میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے، ہائی کورٹ نے اس بات پر بھی دلائل طلب کیے ہیں کہ کیا صرف اسلام آباد ہائی کورٹ ہی عمران خان کو مستقل ضمانت دے سکتی ہے؟
عدالت نے پولیس اور وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 مئی تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان ریاستی اداروں کے اعلیٰ افسران پر الزامات لگانے اور بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی سربراہ نے اپنے وکلا کی مدد سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی دائر کی تھی، لیکن، رجسٹرار کے دفتر نے درخواست کے بارے میں کچھ خدشات کا اظہار کیا، جن میں سے ایک بائیو میٹرک تصدیق کی عدم موجودگی سے متعلق تھا۔