آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے کمانڈر نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اس وقت چار روزہ دورے پر چین میں ہیں، جنہوں نے دورہ چین کے پہلے روز پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹرز کی آمد پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور بعد ازاں انہوں نے چاق و چوبند دستے کا جائزہ لیا۔
جنرل عاصم منیر نے پی ایل اے کمانڈر کے ساتھ اپنی تفصیلی ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں عہدیداروں نے فوجی تعاون بڑھانے کا بھی اعادہ کیا۔
بعد ازاں آرمی چیف نے پی ایل اے فوجیوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا، جوانوں کی تربیت کے اعلیٰ معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف چین میں فوجی رہنماؤں سے مزید ملاقاتیں کریں گے تاکہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات کو فروغ دیا جاسکے۔