پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے مدھر بھنڈارکر کی فلم فیشن سائن کی تو انہیں ناظرین کی جانب سے ملے جلے رد عمل کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک یوٹیوب چینل سے بات کرتے ہوئے پریانکا نے انکشاف کیا کہ فلم سائن کرنے پر انہیں ٹرول کیا گیا تھا، انٹرنیٹ صارفین ان سے کہتے رہے کہ اگر یہ فلم ناکام ہوئی تو انہیں کوئی کام نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب میں نے فیشن کیا تو لوگوں نے مجھ سے کہا کہ خواتین اداکار اپنے کیریئر کے اختتام پر ہی اس طرح کی فلمیں کرتی ہیں، جب وہ قومی ایوارڈ جیتنا چاہتی ہیں اور کیونکہ کوئی بھی مرد ہیرو ان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتا۔
پریانکا چوپڑا نے مزید بتایا کہ جب میں نے فیشن میں کام کیا تو میں صرف تین چار سال کی تھی، اور ہر کسی نے مجھ سے کہا کہ اگر یہ فلم ناکام ہوگئی تو مجھے دوسرا پروجیکٹ نہیں ملے گا، میں اس سے بہتر کچھ نہیں جانتی تھی۔
پریانکا چوپڑا نے 2008 میں فیشن کیا، ان کے علاوہ فلم میں کنگنا رناوت، مگدھا گوڈسے، ارجن باجوہ اور کیتو گڈوانی بھی شامل تھے۔
فلم کی کہانی ایک چھوٹے سے قصبے کی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو گلیمرس ماڈل بننا چاہتی ہے لیکن اسے جلد ہی پتہ چلتا ہے کہ کامیابی ایک قیمت کے ساتھ آتی ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو فیشن میں شاندار اداکاری کے لیے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔