دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وہ سوڈان میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ملک میں پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خطے میں اپنے مشنز کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وہ سوڈان میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے خطے میں پاکستانی مشنز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ 427 پاکستانی بحفاظت سوڈان کی بندرگاہ پہنچ چکے ہیں۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے سفر کے لیے اقدامات کرنے سے قبل ان کی رہائش کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ زدہ سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کا منصوبہ کامیاب ہوگیا ہے۔
وزیر اعظم نے 72 گھنٹوں تک جاری خصوصی ایمرجنسی پلان کی ذاتی طور پر نگرانی کی، کم از کم 427 پاکستانی بحفاظت سوڈان کی بندرگاہ پہنچ چکے ہیں جہاں سے انہیں پاکستان واپس لایا جائے گا۔
حکومت نے تمام 427 شہریوں کے لئے رہائش اور کھانے کا انتظام کیا ہے، جنگ زدہ سوڈان سے پاکستانی شہریوں کو خصوصی طیاروں کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔
دوست ممالک اور پاکستانی سفارت خانے پاکستانیوں کو نکالنے اور انہیں وطن واپس لانے میں مدد کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور وزارت خارجہ کے حکام کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم نے فوجی حکام اور دیگر متعلقہ حکام کی بہترین صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستانی شہریوں کو خرطوم سے چھوٹے گروپوں میں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔