پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے مکی آرتھر کو پاکستان کا ٹیم ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے، کیونکہ انہوں نے رواں سال ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔
نجم سیٹھی، مکی آرتھر اور ہارون رشید نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں ایم سی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مکی آرتھر نے باضابطہ طور پر پاکستان مینز کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی ہے، جس میں وہ تمام فارمیٹس میں آئندہ اسائنمنٹس کے لیے حکمت عملی تیار کرنے اور ان پر عمل درآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔
مزید برآں، وہ قومی ٹیم کے کلچر کو مضبوط بنانے، مستقبل کے ستاروں کی شناخت اور تیار کرنے کے ذمہ دار بھی ہوں گے، تاکہ ہم اپنی مستقبل کو اسٹریٹجک طور پر محفوظ بنا سکیں۔
مکی آرتھر نے اپنے گزشتہ دور میں پاکستان کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ٹیم بنانے میں مدد کی تھی اور اس دوران پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی تھی۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اپنے گزشتہ دور میں پاکستان میں رہنے اور کام کرنے کے بعد مکی آرتھر موجودہ کھلاڑیوں، اسٹرکچر اور سسٹم سے بخوبی واقف ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ پچھلی مدت سے سیکھی گئی چیزوں کو شامل کریں گے تاکہ وہ دوسری مدت میں اور بھی زیادہ کامیاب ہوسکیں۔
مکی آرتھر ایک بار پھر پاکستان ٹیم کے ساتھ منسلک ہونے پر پرجوش تھے، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں دوبارہ شمولیت پر بہت خوش ہوں اور ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔
مکی نے مزید کہا کہ آگے بڑھنے کے بعد سے میں نے کھلاڑیوں اور ان کی اجتماعی کارکردگی پر نظر رکھی ہے، یہ ایک باصلاحیت گروپ ہے جو تمام فارمیٹس میں نمبر ایک بننے کی صلاحیت رکھتا ہے اور میری کوشش ہے کہ حکمت عملی ترتیب دی جائے اور ایسا ماحول پیدا کیا جائے جو ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکے تاکہ ہم ان سے بہترین نتائج حاصل کرسکیں۔