کراچی:پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کو لانڈھی جیل سے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
واضح رہے کہ کراچی کی ملیر عدالت نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کی ضمانت منظور کرلی تھی۔
عدالت نے علی زیدی کو 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا تھا، مدعی کامران بلوچ کے وکیل نے درخواست ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔
اس موقع پر مدعی کے وکیل کامران بلوچ کا کہنا تھا کہ ان کے موکل نے کہا تھا کہ وہ عدالت سے باہر تصفیہ کریں گے جس پر علی زیدی کے وکیل خالد محمود نے جواب دیا کہ وہ عدالت سے باہر کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔
بعد ازاں کراچی کی ملیر کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کی دھوکہ دہی اور دھمکیوں کے کیس میں ضمانت منظور کرلی۔
اس سے قبل ملیر کورٹ کراچی میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کے خلاف فراڈ اور دھمکیوں کے کیس کی سماعت ہوئی، گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو سخت سیکیورٹی میں سٹیل ٹاؤن تھانے سے ملیر کورٹ لایا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، علی زیدی کی پیشی کے موقع پر ملیر کورٹ اور اس کے گرد و نواح میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔