لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں ایک اور ریکارڈ توڑنے سے صرف ایک فتح دور ہیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں بابر اعظم کے پاس سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے والے کپتان کی حیثیت سے اپنا نام روشن کرنے کا موقع ہوگا۔
اس وقت بابر اعظم 42 جیت کے بعد افغانستان کے اصغر افغان اور انگلینڈ کے ایون مورگن کے ساتھ مشترکہ طور پر یہ ریکارڈ رکھتے ہیں، وہ 69 ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں گرین شرٹس کی قیادت کر چکے ہیں۔
ان کی کپتانی میں پاکستان مسلسل دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 اور 2022 کے سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابر اعظم نے اپنی تیسری سنچری اسکور کی۔
بابر اعظم بھارتی کرکٹر روہت شرما کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے ہیں جو اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی فہرست میں چار سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
وہ اس فارمیٹ میں ایک سے زیادہ سنچریاں بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز ہیں، اس سنچری نے بابر اعظم کو سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں سب سے اوپر پہنچا دیا ہے۔
میچ کے دوران بابر اعظم صرف 36 گیندوں پر اپنی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے اور پھر اگلی 22 گیندوں پر 51 رنز بنائے جس میں آخری تین اوورز میں 36 رنز بھی شامل تھے۔
بابر اعظم نے آخری اوور میں جیمز نیشم کو دو چوکے اور ایک چھکا دے کر اننگز کی آخری گیند پر 100 رنز مکمل کیے۔