پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
پی ٹی آئی سربراہ نے اپنی درخواست میں اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اسلام آباد آمد کے دوران انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ہر صورت میں ان کی گرفتاری عدالتی اجازت سے مشروط کی جائے۔
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد کے تھانوں میں پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کی جائیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت خفیہ طور پر دائر مقدمے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا بھی حکم دے۔