اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کرنے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مکی آرتھر انگلینڈ روانگی سے قبل 20 اپریل تک پاکستان مینز ٹیم کے ساتھ رہیں گے، جہاں وہ ڈربی شائر کے ہیڈ آف کرکٹ ہیں۔
مکی آرتھر اس سے قبل تین سال تک پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں اور انہوں نے 2016 میں یہ عہدہ سنبھالا تھا، ان کے دور میں پاکستان نے 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی تھی۔
تاہم کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں ٹیم کی پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد مکی آرتھر اور ان کے معاون عملے کے معاہدوں کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سے قبل پی سی بی نے تصدیق کی تھی کہ وہ قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ انہیں اے سی سی ایشیا کپ، آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023، آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2024 اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں ٹیم کی رہنمائی کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا جائے۔
تاہم مکی آرتھر کے ڈربی شائر کے ساتھ طویل مدتی معاہدے کی وجہ سے پی سی بی نے ڈربی شائر کے ساتھ ٹائم شیئرنگ کی بنیاد پر ٹیم کے کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مکی آرتھر نے پی سی بی سے وعدہ کیا ہے کہ وہ رواں سال بھارت میں ہونے والے 50 اوورز کے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل ہوں گے۔
دریں اثنا، وہ ڈربی شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے لئے کل وقتی کوچ کی حیثیت سے کام جاری رکھیں گے اور انگلش ڈومیسٹک سیزن کے دوران دستیاب نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ انگلش کاؤنٹی ٹیم ڈربی شائر نے گزشتہ سال دسمبر میں 2025 کے سیزن کے اختتام تک مکی آرتھر کی خدمات حاصل کی تھیں۔
آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، پاکستان اور سری لنکا کے سابق ہیڈ کوچ نے ابتدائی طور پر نومبر 2021 میں دو سال کے معاہدے پر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔
گرانٹ بریڈبرن کو نیوزی لینڈ کے خلاف جاری محدود اوورز کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جس میں پانچ ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔
اس سے قبل پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پی سی بی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم انتظامیہ کی تصدیق متعلقہ بھرتیوں کے عمل کی تکمیل کے بعد کرے گا۔