سندھ حکومت نے سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن (سیف) کے تحت اسکولز میں پڑھنے والے بچوں کو مفت کتاب دینے کیلئے الگ بجٹ رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، چیئرمین پی اینڈ ڈی قیصر بنگالی، سیکریٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اکبر لغاری، ایم ڈی ایس ای ایف قاضی کبیر اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے اسکولز کے بچوں کو مفت کتاب دینے کیلئے الگ بجٹ دیا جائے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کہ مطابق یہ بجٹ نئے مالی سال سے مختص کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی گئی کہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے 2584 اسکولز اور 145 سینٹرز ہیں، جن میں 8 لاکھ 40 ہزار سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے اسکولوں میں 26000 اساتذہ کام کر رہی ہیں، جبکہ فائونڈیشن 4004 بچوں کو اسکالرشپ دے رہی ہے۔