ہیکرز نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی بورڈ (این ٹی آئی ایس بی) کے نام سے جعلی ای میلز بھیج کر سائبر حملے شروع کردیے ہیں۔
کابینہ ڈویژن نے سرکاری اداروں، وزارتوں اور محکموں کو ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز کابینہ ڈویژن کے ماتحت ادارے این ٹی آئی ایس بی کے نام سے جعلی سائبر سیکیورٹی الرٹس جاری کرکے معلومات چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز جعلی ای میل ایڈریس (Assistant_Secretary_NTISB@gmail.com) کا استعمال کرتے ہوئے اسسٹنٹ سیکریٹری این ٹی آئی ایس بی کے نام سے جعلی ایڈوائزری بھیج رہے ہیں۔
اس جعلی ای میل ایڈریس کے ذریعے بھیجی گئی ایڈوائزری میں اسسٹنٹ سکریٹری این ٹی آئی ایس بی ٹو کے نام پر بدنیتی پر مبنی اٹیچمنٹ ہیں۔
کابینہ ڈویژن نے سرکاری اداروں، محکموں اور ڈویژنز کو اس حوالے سے چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔
کابینہ ڈویژن نے کہا کہ مذکورہ بالا جعلی ای میل ایڈریسز کی ای میلز کو نظر انداز کریں اور بدنیتی پر مبنی اٹیچمنٹ نہ کھولیں، یہ بدنیتی پر مبنی پے لوڈ سرکاری محکموں اور وزارتوں سے حساس معلومات چوری کرنے کے لئے استعمال کیے جاتے ہیں۔
ایڈوائزری میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے ایڈوائزری میں ای میل پتوں کی فہرست فراہم کی جاتی ہے، سرکاری اداروں، وزارتوں اور محکموں سے کہا گیا ہے کہ وہ صرف ان ای میل پتوں کو این ٹی آئی ایس بی کے سرکاری ای میل سمجھیں۔ یہ ای میل پتے ہیں
ایڈوائزری کی کاپی وزیراعظم کے سیکرٹری، صدر کے سیکرٹری، کابینہ سیکرٹری، وفاقی حکومت کی وزارتوں کے تمام سیکرٹریز اور صوبائی حکومتوں کے چیف سیکرٹریز کو ارسال کردی گئی ہے۔
کابینہ ڈویژن نے تمام ماتحت اداروں اور محکموں تک معلومات پہنچانے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔