پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 38 رنز سے شکست دیدی، بابر اعظم کی سنچری کی بدولت پاکستان 192 رنز اور حارث رؤف کی 4 وکٹوں کی بدولت نیوزی لینڈ 154 رنز تک پہنچا۔
پاکستان کی کامیاب ترین اوپننگ جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان نے 5.2 اوورز میں نصف سنچری بنا کر پاکستان کو شاندار آغاز دیا۔
یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 19ویں نصف سنچری کی شراکت تھی، جس کی بدولت پاکستان نے پاور پلے کے اختتام پر نقصان پر 59 رنز بنائے تھے۔
محمد رضوان نے 10ویں اوور میں اپنی 24ویں نصف سنچری مکمل کی اور اس جوڑی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ نیوزی لینڈ کو آدھے مرحلے میں کوئی وکٹ نہ ملے اور پاکستان نے 10 اوورز کے بعد بغیر کسی نقصان کے 98 رنز بنائے۔
محمد رضوان 11ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے اور پاکستان نے اپنی پہلی وکٹ 99 رنز پر کھو دی، یہ جوڑی سنچری پارٹنرشپ سے صرف ایک رن سے محروم ہوگئی، جس سے وہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 سنچری پارٹنرشپ بنانے والی پہلی جوڑی بن جاتی۔
فخر زمان کے پہلی گیند پر آؤٹ ہوتے ہی دوسری وکٹ فوری طور پر گر گئی، گزشتہ میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے میٹ ہنری ایک بار پھر ہیٹ ٹرک پر تھے لیکن صائم ایوب نے انہیں بیک ٹو بیک ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بولر نہیں بننے دیا۔
صائم ایوب دوسرے میچ میں متاثر نہ کر سکے، کیونکہ وہ بغیر کوئی رن بنائے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
عماد وسیم نے صرف دو رنز بنائے، جس کی بدولت پاکستان نے چوتھی وکٹ 105 رنز پر گنوا دی۔
بابر اعظم اور افتخار احمد نے آخری سات اوورز میں 87 رنز جوڑ کر پاکستان کو 192 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
افتخار احمد 19 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ بابر اعظم نے 58 گیندوں پر 11 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے اپنی تیسری ٹی ٹوئنٹی سنچری اسکور کی۔