پاکستان پیپلز پارٹی نے حکمران اتحاد کی جماعتوں کو حزب اختلاف کی جماعت پی ٹی آئی کے ساتھ ‘زیادہ سے زیادہ مذاکرات’ پر قائل کرنے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کمیٹی میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وفاقی وزراء قمر زمان کائرہ اور سید نوید قمر شامل ہیں۔
اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے علاوہ تین رکنی پینل بھی زیادہ سے زیادہ مذاکرات کے لیے پی ٹی آئی سے رابطہ کرے گا۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے ارکان حکمران اتحاد کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو آصف علی زرداری کی تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی تجویز پر عمل درآمد پر قائل کریں گے۔
اس کے بعد کمیٹی متفقہ ایجنڈا تیار کرے گی, جسے پی ٹی آئی کے سامنے پیش کیا جائے گا، یہ اقدام ملک میں سیاسی دلدل کو ختم کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔