جمیکا: کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کرٹنی والش اور اسسٹنٹ کوچز رابرٹ سیموئلز اور کوری کولیمور کے معاہدوں کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ڈبلیو آئی کے ڈائریکٹر آف کرکٹ جمی ایڈمز نے ایک بیان میں کہا کہ ہم گزشتہ ڈھائی سالوں میں کورٹنی اور ان کی تکنیکی ٹیم کی خدمات پر بہت شکر گزار ہیں اور ہم ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈبلیو آئی خواتین کے بین الاقوامی پروگرام کے لیے پرعزم ہے اور اب نئے ہیڈ کوچ اور ٹیکنیکل سپورٹ ٹیم کی بھرتی پر توجہ مرکوز کرے گا، بھرتی کی مدت کے دوران ایک عبوری تکنیکی سپورٹ ٹیم تشکیل دی جائے گی۔
اکتوبر 2020 میں گس لوگی کی جگہ لینے والے والش کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے 24 میں سے 7 ٹی ٹوئنٹی اور 32 میں سے 11 ایک روزہ میچ جیتے ہیں۔
اس عرصے میں ٹیم کی سب سے نمایاں کارکردگی 2021 میں پاکستان کے خلاف ہوم اینڈ اوے سیریز جیتنا اور 2022 کے 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک پہنچنا تھا۔
جنوبی افریقہ میں حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز گروپ مرحلے میں پاکستان اور آئرلینڈ کے خلاف صرف دو میچ جیتنے کے بعد ناک آؤٹ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا تھا۔