بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کی حکومت کی کوششیں رنگ لاتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات رواں ہفتے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کی تصدیق کر سکتا ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ حکومت کا قرضوں کی وصولی کا مشن بظاہر تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات سے فنانسنگ کے معاملات کو تقریبا حتمی شکل دے دی گئی ہے اور رواں ہفتے عرب ملک کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کی تصدیق متوقع ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دوست ممالک سے فنانسنگ کی درخواست کی تھی جبکہ وزیراعظم آفس بھی آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے فعال طور پر کام کر رہا ہے۔
توقع ہے کہ سیکریٹری خزانہ اپنے حالیہ دورہ واشنگٹن کے دوران آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے میں پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
جیسے ہی متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے گارنٹی مل جائے گی آئی ایم ایف کو تحریری یقین دہانی مل جائے گی، سعودی عرب پہلے ہی 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی تصدیق کر چکا ہے۔