پینٹاگون کی ایک لیک ہونے والی دستاویز سے جنوبی کوریا کے اعلیٰ حکام کے درمیان ایک حساس بات چیت کا انکشاف ہوا ہے کہ آیا یوکرین میں استعمال ہونے والے ہتھیار فروخت کیے جائیں یا نہیں۔
اس میں صدر یون سک یول کے دو سینئر مشیروں کو نشانہ بنایا گیا، وہ یوکرین کو گولہ بارود بھیجنے کے امریکی دباؤ اور جنگ زدہ ممالک کو مسلح نہ کرنے کی ان کی پالیسی کے درمیان الجھے ہوئے ہیں۔
مشیروں میں سے ایک نے تجویز دی کہ اس کے بجائے گولے پولینڈ بھیجے جائیں، تاکہ ایسا نہ ہو کہ انہوں نے امریکہ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
واشنگٹن ان انکشافات کے ذرائع کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے بارے میں پینٹاگون کا کہنا ہے کہ یہ قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
گزشتہ سال جنوبی کوریا نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ وہ اپنے ذخیرے کو بھرنے کے لیے امریکہ کو توپ خانے کے گولے فروخت کرے گا، لیکن اس بات پر اصرار کیا تھا کہ امریکہ کو یہ گولے اپنے پاس رکھنے ہوں گے اور انہیں کیف کو نہیں بھیجنا ہوگا۔
یکم مارچ کو اپنی گفتگو میں صدر یون کے خارجہ امور کے سیکریٹری یی من ہوئی نے مبینہ طور پر اس وقت کے قومی سلامتی کے مشیر کم سنگ ہان کو بتایا تھا کہ حکومت ان خدشات میں گھری ہوئی ہے کہ امریکہ اس گولہ بارود کا استعمال نہیں کرے گا۔
انہیں اس بات کا بھی خدشہ ہے کہ صدر بائیڈن اس معاملے پر صدر یون کو براہ راست فون کر سکتے ہیں اور اگر جنوبی کوریا یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے کی اپنی پالیسی تبدیل کرتا ہے تو ایسا لگ سکتا ہے کہ اس پر امریکہ کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا ہے۔