کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کی معاونِ خصوصی برائے انفارمیشن سائنس و ٹیکنالاجی تنزیلہ امہ حبیبہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر پاکستان کے روشن مستقبل کی کنجی ہے، حکومتِ سندھ صوبے بھرمیں آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
محکمہ انفارمیشن سائنس و ٹیکنالاجی کی جانب سے بینظیر بھٹو شھید یونیورسٹی لیاری میں شروع کیے جانے والے ‘انڈسٹری اکیڈمیہ برج پروگرام’ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنزیلہ امہ حبیبہ نے کہا کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ قوموں، اداروں اور افراد کے لیے یکساں اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفرمیشن ٹیکنالوجی کی قومی اور بین الاقوامی ضروریات کومد نظررکھتے ہوئے ان کے محکمے نے ایک انقلابی پروگرام مرتب کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کے فروغ سے شعبے سے وابستہ لاکھوں نوجوانوں کے لیے نوکریوں و روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، محکمہ انفارمیشن سائنس و ٹیکنالاجی سندھ میں آئی ٹی سیکٹر سے منسلک کمپنیوں، نوجوانوں اور طلبہ کے لیے ہر ممکن سہولت کاری کا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
تنزیلہ امہ حبیبہ نے کہا کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن و ہدایات کی روشنی میں بینظیر بھٹو شھید یونیورسٹی لیاری میں شروع کیا جانے والے پروگرام سے طلبہ کے ساتھ ساتھ لیاری کے نوجوان بھی مستفید ہو سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لیاری سمیت پوری سندھ کے نوجوان آئی ٹی سیکٹر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی و بین الاقوامی سطح پر آئی ٹی ماہرین کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے ایک قومی حکمت عملی بنائی جائے۔
اس موقعے پر لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر امجد سراج میمن، انفارمیشن سائنس و ٹیکنالاجی کے سیکریٹری آصف اکرام، ایڈیشنل سیکریٹری جنید راجپوت، رکن سندھ اسمبلی شازیہ کریم سنگھار، اطہر بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ سندھ کی جانب سے انڈسٹری اکیڈمیہ برج پروگرام کے تحت طلبہ کو مختلف آئی ٹی اسکلز کی سہولیات کی فراہمی اور انڈسٹری میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔