آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا اور اس کے اہلکاروں کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور افسران اور افرادی قوت کے عزم کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے افسران نے بین الاقوامی معیار کے مطابق مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایچ آئی ٹی کو جدید دفاعی پیداوار کے ادارے میں تبدیل کرنے کا عزم کیا۔
آرمی چیف کو ایچ آئی ٹی کی تکنیکی صلاحیتوں، جاری منصوبوں کی پیش رفت، دیسی کاری کی کوششوں اور حال ہی میں کئے گئے جدید کاری کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے ایچ آئی ٹی کی مختلف فیکٹریوں کا دورہ کیا اور پاک فوج کے ٹینکوں، اے پی سیز، بہتر حفاظتی حل، ریموٹ ویپن سسٹم اور دیسی 155 ایم ایم آرٹلری گن بیرل کی تیاری، تعمیر نو اور اپ گریڈیشن کا مشاہدہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ ایچ آئی ٹی نالج اکانومی اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کا مرکز ہے جو دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے حصول اور قومی برآمدات اور معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کی کلید ہے۔
قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر چیئرمین ایچ آئی ٹی نے ان کا استقبال کیا۔