سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بغیر کسی شرط کے اپوزیشن سے مذاکرات کریں۔
قومی اسمبلی میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے شرائط سے گریز کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ سابق فوجی آمر پرویز مشرف نے بھی قومی مصالحتی آرڈیننس (این آر او) کی شکل میں ان کے ساتھ کیے گئے غلط کاموں کا اعتراف کیا تھا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ سب کچھ بات چیت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔
آصف علی زرداری نے آئین کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے آباؤ اجداد نے بنایا تھا اور اس کی حفاظت کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی مذہب کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا اور انہوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد کی جو ذوالفقار بھٹو اور دیگر رہنماؤں کا خواب تھا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ان کی جماعت نے ملک کے لیے خون دیا ہے، پیپلز پارٹی نے بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ہمیشہ ‘پاکستان کھپے’ کا نعرہ لگایا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے دوستوں کو دشمن بنانے والوں کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کو بھی آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔