پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قبل از وقت انتخابات کرانے کے مطالبے کے تناظر میں سینیٹ نے ملک بھر میں عام انتخابات ایک ساتھ کرانے کی قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد سینیٹر طاہر بزنجو کی جانب سے پیش کی گئی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا، کیونکہ پی ٹی آئی کے سینیٹرز اجلاس سے واک آؤٹ کرچکے ہیں، سینیٹر مشتاق احمد صرف اپوزیشن بنچوں پر موجود تھے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی کیونکہ عمران احمد نے کارروائی کے دوران اس کی مخالفت نہیں کی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا جب کہ اس حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔
تاہم حکومت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قبل از وقت انتخابات کرانے سے گریزاں ہے جہاں اس سال کے اوائل میں پی ٹی آئی نے اسمبلیاں تحلیل کر دی تھیں۔
گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ نے ایک قرارداد منظور کی تھی، جس میں ملک میں دو صوبائی اسمبلیوں کے قبل از وقت انتخابات کرانے کے سپریم کورٹ کے حکم کو مسترد کیا گیا تھا۔
یہ تحریک جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن اسمبلی خالد مگسی نے پیش کی۔