پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے جہاں انہیں 9 مختلف مقدمات میں طلب کیا گیا تھا۔
اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم کو 2 مقدمات میں 11 اپریل اور دیگر 7 مقدمات میں 12 اپریل کو طلب کیا تھا۔
تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی دونوں روز پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔
دریں اثنا اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر عمران خان کو توشہ خانہ میں فوجداری کارروائی میں ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت کے لیے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سابق وزیراعظم کو طلبی کا سمن جاری کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی جانب سے جاری سمن میں سابق وزیراعظم کو 11 اپریل کو صبح ساڑھے 8 بجے عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدم پیشی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔