سندھ پولیس کا دعویٰ ہے کہ گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق راونتی میں ڈاکوؤں کا محاصرہ کیا گیا ہے اور دریائے سندھ کے کنارے 60 چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 8 ہزار پولیس اہلکار حصہ لیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ 60 چیک پوسٹوں میں سے ہر ایک پر آٹھ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے 60 چیک پوائنٹس پر 480 اہلکاروں کی تعیناتی کی منظوری دے دی، وہ آج لاڑکانہ اور کل راونتی میں آپریشن کا جائزہ لیں گے۔
اتوار کو رحیم یار خان کے علاقے کچے میں گرینڈ آپریشن کے دوران پنجاب پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو کو ہلاک اور چھ کو حراست میں لے لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عثمان انور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضوان عمر گوندل پر فائرنگ کی جبکہ دیگر پولیس افسران پر بھی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔