اسلام آباد: حکمران اتحاد ملک میں جاری سیاسی اور معاشی بحران کے خاتمے کے لیے اپوزیشن سے مذاکرات پر منقسم دکھائی دیتا ہے، کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اس خیال کی حامی ہے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ایسے کسی بھی اقدام کو مسترد کردیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر بات چیت کے لیے مخلوط حکومت میں شامل تمام جماعتوں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کور کمیٹی کی سربراہی سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ طور پر کی۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ فیصلہ ساز باڈی کا اجلاس جاری سیاسی بحران سے نمٹنے کے لیے ہوا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ مسئلہ مختلف وجوہات کی بنا پر پیدا ہوا ہے، جن میں اقلیتی عدالت کے فیصلے کو اکثریتی عدالت کے فیصلے پر ترجیح دینا بھی شامل ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقف قانونی، اخلاقی اور سیاسی طور پر ناقابل قبول ہے اور اس پر نظر ثانی کی جانی چاہیے۔
پارٹی نے متضاد عدالتی فیصلوں کو فوری طور پر اور عدلیہ کی عزت اور وقار کو متاثر کیے بغیر حل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
مزید برآں، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کے مفاد میں، پارٹی نے تمام اسمبلیوں کے عام انتخابات اسی دن منعقد کرنے کا مطالبہ کیا جو آئین میں بیان کیا گیا ہے اور آئینی مینڈیٹ کی تاریخ سے آگے کسی بھی تاخیر کی مخالفت کا اعادہ کیا.