ہالی وڈ پروڈکشن کمپنی لوکس فلم نے معروف سیریز ’سٹار وارز‘ کی تین نئی ایکشن فلموں کا اعلان کرتے ہوئے آسکر جیتنے والی پاکستانی ہدایتکار شرمین عبید چنوئے کو ڈائریکشن کی ذمہ داریاں سونپیں ہیں۔
لندن میں ’سٹار وارز سلیبریشن‘ کے دوران یہ اعلان کیا گیا، جہاں شرمین عبید نے بتایا کہ وہ اصل زندگی کے ہیروز سے متاثرہ ہیں۔
وہ پہلی خاتون اور غیر سفید فام ہیں، جنھیں سائنس فکشن کہانی کی ہدایت کاری کا موقع ملا ہے، اس فلم میں اداکارہ ڈیزی رڈلی کے کردار ’رے‘ کی واپسی ہوگی جو آخری بار 2019 میں ’دی رائز آف سکائی واکر‘ میں نظر آیا تھا۔
شرمین عبید چنائے کے لیے خود بھی یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ڈزنی نے اپنی مشہور فلم کے لیے ان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں شرمین کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی زندگی اصل ہیروز سے ملاقاتیں کرتے ہوئے گزاری، دنیا کو مزید ہیروز کی ضرورت ہے، میرے لیے سٹار وارز کی بھی یہی کہانی ہے۔
جمائمہ خان نے انھیں انسٹاگرام پر’سپر ہیرو‘ کہا جبکہ ادکارہ مہوش حیات اور ماہرہ خان نے بھی انھیں مبارکبادیں پیش کی ہیں۔