اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا دو گھنٹے تک جاری رہنے والا اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا برائے دفاع، خزانہ و اطلاعات اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز اور ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق این ایس سی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔
ذرائع کے مطابق دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔
این ایس سی اجلاس کے بارے میں تفصیلی بیان ابھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں منعقد کیا گیا، جب پی ٹی آئی کی جانب سے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتخابات میں تاخیر کو چیلنج کرنے والی درخواست پر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد ملک سنگین معاشی اور سیاسی بحرانوں سے گزر رہا ہے۔
حکمراں اتحاد نے اس فیصلے کی سختی سے مخالفت کی ہے جو اس کے خیال میں 3-2 کا اقلیتی فیصلہ ہے اور اس پر عمل درآمد نہیں ہونا چاہئے۔