ندا ڈار کو فروری میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد بسمہ معروف کے استعفے کے ایک ماہ بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا آل فارمیٹ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے مارک کولز کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کی بھی تصدیق کردی ہے جبکہ سلیم جعفر ویمنز سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
36 سالہ ندا ڈار 130 میچوں میں 126 وکٹوں کے ساتھ خواتین ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے اس فارمیٹ میں 100.95 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1687 رنز بھی بنائے ہیں، ون ڈے میں انہوں نے 99 میچوں میں 91 وکٹیں اور 1535 رنز بنائے ہیں۔
ندا ڈار نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور میں آئندہ ایونٹس میں ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ ذمہ داری سونپی اور ٹیم کو آگے لے جانے کی پوری کوشش کروں گی۔