پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور تعینات فورسز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فارورڈ پوزیشنز پر موجود افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔
انہوں نے فوجیوں پر زور دیا کہ وہ مقامی آبادی کی ہر ممکن مدد کریں، ثابت قدم رہیں اور انتہائی خلوص اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔
آرمی چیف نے مسلسل نگرانی، آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے پر افسران اور جوانوں کی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے کے خلاف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کے لئے پرعزم ہے اور کشمیریوں کے منصفانہ کاز کی حمایت کے لئے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے حل کی خواہاں ہے۔
قبل ازیں ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔