اڈیرو لال: صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی نے جھولے لال سائیں امر اڈیرو لال صاحب کی جائے پیدائش نصر پور درگاہ کی بحالی کا اعلان کردیا۔
آئندہ مالی سال 24-2023 میں نصر پور درگاہ کے لیے 30 ملین روپے کی اسکیم شامل کی جائے گی، یہ اعلان گیانچند ایسرانی نے جھولے لال درگاہ اڈیرو لال میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نصر پور درگاہ ہندو برادری کے لیے مقدس آستان ہے، گیانچند ایسرانی نے محکمہ اقلیتی امور کے تحت اڈیرو لال درگاہ پر 30 ملین روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کیا, جن میں درگاہ کے اندرونی حصہ اور بیرونی صحن میں پیور بلاکس کا کام، یاتریوں کے لیے 2 ہال ، چاروں اطراف ٹائلوں کی تزئین و آرائش شامل ہیں۔
صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ درگاہ کے لیے 50 کے وی سولر سسٹم کی اسکیم بھی منظور ہو چکی ہے جس پر مرحلہ وار کام کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جو اقلیتی برادری کے جذبات اور احساسات کا خیال رکھتی ہے ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر اقلیتی برادری کےمقدس مقامات پر سینکڑوں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
گیانچند ایسرانی نے کہا کہ مندروں، آشرم، شمشان گھاٹ، گردواروں و دیگر مقامات پر جاری ترقیاتی اسکیموں کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں۔
صوبائی وزیر نے ضلع مٹیاری کے لیے بالخصوص شیڈول کاسٹ ہندو برادری کی فلاح و بہبود کے لیے 30 ملین روپے کی اسکیموں کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ 30 ملین روپے کی 8 اسکیمیں منظور ہوگئی ہیں، جن پر جلد کام کا آغاز کردیا جائے گا۔
تقریب میں شلو مل، راجا آسر مل منگھلانی، وشنومل، ویرسی مل، پہلاج رائے، چیتن مل، ہریش، مکیش و دیگر نے بھی شرکت کی۔