عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے تخمینہ لگایا ہے کہ ہر چھ میں سے ایک بالغ شخص بانجھ پن کا شکار ہوتا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے اس بات کا تعین کیا کہ دنیا بھر میں تقریبا 17.5 فیصد بالغ افراد کسی نہ کسی مرحلے پر بانجھ پن سے متاثر ہوتے ہیں، خطوں، امیر اور غریب ممالک کے مابین بہت کم فرق پایا جاتا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے اس مسئلے پر ایک تازہ رپورٹ کے پیش لفظ میں کہا، عالمی سطح پر، ہر چھ میں سے ایک شخص اپنی زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر بچہ پیدا کرنے میں ناکامی سے متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اس سے قطع نظر ہے کہ وہ کہاں رہتے ہیں اور ان کے پاس کیا وسائل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ آمدنی والے ممالک میں 17.8 فیصد اور کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں 16.5 فیصد بالغ افراد بانجھ پن سے متاثر ہوئے۔
ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ ایک دہائی میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی رپورٹ ہے، جس میں ایک اہم حقیقت سامنے آئی ہے کہ بانجھ پن امتیازی سلوک نہیں کرتا۔
ڈبلیو ایچ او نے اس مسئلے کو عالمی سطح پر صحت کا ایک بڑا چیلنج قرار دیا ہے، لیکن متعدد ممالک سے اعداد و شمار کی کمی کی وجہ سے مختلف خطوں میں صورتحال کا موازنہ کرنے میں دشواری پر زور دیا ہے۔